حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کی گئی ہے جس کے تحت کتب مقدس کی بے حرمتی کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے منگل کو ایک قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا کہ کسی بھی شخص کو اس کے مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر پریشان کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، اس تجویز میں مذہبی علامتوں، مقدس کتب اور مذہبی مقامات، کاروباری مراکز، جائیدادوں، تعلیمی اداروں، ثقافتی مراکز یا کسی بھی مذہب کے پیروکاروں کی عبادت گاہوں کے خلاف کسی بھی قسم کی پرتشدد اور منفور کارروائی کو مکمل طور پر غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے مذہبی مراکز اور زیارت گاہوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے، اس کے ساتھ نفرت پھیلانے والے ایسے کسی بھی عمل کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بھی قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں عید قربان کے دن جامع مسجد کے باہر ایک انتہا پسند کی جانب سے قرآن پاک کو نذر آتش کیے جانے پر پوری دنیا میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں سویڈن کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔